پی ایس ایل 10: غیرملکی کھلاڑیوں کا ٹیموں کو جوائن کرنے کا سلسلہ جاری

شائع May 14, 2025
— فوٹو: پی ایس ایل
— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کا دوبارہ ٹیموں کو جوائن کرنے کا سلسلہ جاری ہے، انگلینڈ کے الیکس ہیلز اور جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈر ڈوسن نے بھی پاکستان آنے کی حامی بھرلی۔

ڈان نیوز کے مطابق جنوبی افریقی بیٹر رسی وین ڈر ڈیوسن نے بھی اپنی دستیابی ظاہر کردی اور ان سے قبل انگلش بیٹر ایلکس ہیلز نے بھی پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی۔

انگلینڈ کے جارحانہ بیٹسمین ایلکس ہیلز اسلام آباد یونائٹیڈ کا دوبارہ حصہ بن گئے، وہ پہلے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ جنوبی افریقی بیٹر بھی اسلام آباد کی ٹیم میں شامل ہیں۔

ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہےکہ ہم بہت پرجوش ہیں کہ راسی وین ڈر ڈیوسن ٹیم کو جوائن کررہے ہیں، مینجمنٹ دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں خوش آمدید کہتی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں الیکس ہیلز کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں شرکت نہیں کرسکا تھا لیکن بقیہ میچز کے لیے پاکستان آؤں گا۔

اس سے قبل، ڈیوڈ وارنر ، بین میک ڈرموٹ، جیمز ونس، سکندر رضا، لیوک ووڈ ، ٹام کوہلر کیڈ مور، میکس برائنٹ، نجیب اللہ زدران، کوشل مینڈس بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان آنے کی ہامی بھرچکے ہیں۔

دوسری جانب، پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے، ٹکٹس نجی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ اور سینٹرز سے خریدے جاسکتے ہیں۔

راولپنڈی میں شیڈول میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں 650 روپے سے 3 ہزار روپے تک رکھی گئی ہیں جب کہ کوالیفائر، ایلیمینیٹرز کے ٹکٹوں کی قیمتیں ایک ہزار روپے سے 6 ہزار 500 روپے تک رکھی گئی ہیں اور فائنل کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 1500 روپے اور زیادہ سے زیادہ 10ہزار روپے ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025