بلوچستان: کوئٹہ میں پی پی کی ریلی پر گرینیڈ سے حملہ، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

شائع May 15, 2025
پیپلز پارٹی کی ریلی پاک فوج کی بھارت کیخلاف فتح کی خوشی میں جلسے میں شرکت کیلئے جارہی تھی
—فوٹو:ڈان نیوز
پیپلز پارٹی کی ریلی پاک فوج کی بھارت کیخلاف فتح کی خوشی میں جلسے میں شرکت کیلئے جارہی تھی —فوٹو:ڈان نیوز

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ریلی پر گرینیڈ سے حملے کے نتیجے میں پارٹی کارکن سمیت 2 افراد جاں بحق، جب کہ 10 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق پی پی پی کی یہ ریلی بھارت سے جنگ میں پاکستان کی فتح کا جشن منانے کے لیے منعقدہ جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی کے سابق صوبائی صدر علی مدد جتک اور ایم پی اے عبیداللہ گورگیج کی قیادت میں ریلوے ہاکی اسٹیڈیم کی جانب جا رہی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق ریلی سریاب کے علاقے منیر مینگل روڈ ست گزر رہی تھی، جب مسلح افراد نے گرینیڈ پھینکنے سے پہلے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

ریلی کی قیادت کرنے والے علی مدد جتک اور عبیداللہ گورگیج کو ان کے محافظوں نے حفاظتی حصار میں لے لیا تھا، جس کی بدولت وہ حملے میں محفوظ رہے۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو فوراً گھیرے میں لے لیا، اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس افسر آصف غفور نے بتایا کہ بم دھماکا ریلی کے قریب ہوا، جس سے 11 کارکن زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے زخمی کارکن محبوب علی کرد ہسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ریلی کے تر شرکا نے اسٹیڈیم کی جانب اپنا سفر جاری رکھا، جہاں انہوں نے جلسے میں شرکت کی۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ 10 زخمیوں میں سے 9 کی شناخت قربان علی، عبدالرازق، محمد عاصم، محمد عمر، عبدالمنان، سید نقیب اللہ، عمران خان، محمد صادق اور مہار اللہ کے طور پر کی گئی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی کے قریب سے گزرنے والا رکشے میں سوار ایک شہری بھی دوران علاج جاں بحق ہوا، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ریلی پر گرینیڈ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے اس حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی عیادت کے لیے ہسپتال کا دورہ کیا، انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کریں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025