پاکستان نے بھارت کو جواب دیکر غزہ کا بدلہ لے لیا، مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ بھارت نے اسرائیل کے ایما پر پاکستان پر حملہ کیا تاہم پاکستان کے افواج نے بھارت کو جواب دے کر غزہ کا بدلہ لے لیا۔
کوئٹہ میں اسرائیل اور بھارت کے خلاف ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اسرائیل پہلے دن سے پاکستان کا دشمن ہے جب کہ ہندوستان نے اسرائیل کا نمائندہ بن کر پاکستان پر حملہ کیا۔
انہوں نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دے کر غزہ کا بدلہ لے لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مستقبل میں بھی بھارت-اسرائیل گٹھ جوڑ سے محتاط رہنا ہوگا، مسلم حکمران ہمت کریں تو اسرائیل کی قوت کو ختم کرسکتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی ف نے دعویٰ کیا کہ ہمارے حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے جارہے تھے لیکن ہم نے روز اول سے اسرائیل کی مخالفت کی، جمعیت علما اسلام نے پورے ملک میں اپنا موقف منوایا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا مودی کا باپ بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کرسکتا اس نے طاقت کے زور پر تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کی اور اس کو منہ کی کھانی پڑی۔
مزید کہا کہ پاکستان میں آج مکمل یکجہتی موجود ہے اور قوم کا فقید المثال اتحاد نظر آرہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی محاذ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کا الزام اسلام آباد پر عائد کیا تھا۔
بعدازاں، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا۔
10 مئی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔













لائیو ٹی وی