سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنے پر ترک کمپنی نے بھارتی حکومت کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

شائع May 16, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

ہوائی اڈوں پر خدمات ( ایوی ایشن سروسز) فراہم کرنے والی معروف ترک کمپنی سیلیبی (Celebi) نے بھارت کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ میں قائم سیلیبی، جو بھارت میں ہوائی اڈوں پر خدمات مہیا کرتی ہے، نے بھارتی حکومت کی جانب سے اس کی سیکیورٹی کلیئرنس کو منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔

پاک-بھارت جنگ کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر بھارت میں بڑھتے ہوئے عوامی غصے کے درمیان، بھارتی حکومت نے جمعرات کو ’ قومی سلامتی کے مفاد’ میں سیلیبی کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی۔

رائٹرز کے مطابق سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا نے دہلی ہائی کورٹ سے اس فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی، اور استدلال کیا ہے کہ اس فیصلے سے 3791 ملازمتیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوگا۔

کمپنی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ یہ واضح کیے بغیر کہ کس طرح کوئی ادارہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، صرف زبانی طور پر کیے گئے اس اقدام کا قانونی طور پر دفاع نہیں کیا جاسکتا۔

کمپنی نے مزید کہا کہ حکم نامے میں’ قومی سلامتی کے ایک مبہم اور عام حوالے کے سوا کوئی مخصوص یا ٹھوس وجہ ظاہر نہیں کی گئی، اور نہ ہی کوئی جواز پیش کیا گیا۔ ’

بھارتی حکومت نے رائٹرز کی جانب سے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا، اس مقدمے کی سماعت پیر کو ہونے کا امکان ہے۔

اپنی درخواست میں، سیلیبی نے کہا کہ اگرچہ اس کے شیئر ہولڈرز ترکیہ میں رجسٹرڈ ہیں، لیکن گروپ کا’ اکثریتی حتمی کنٹرول’ ان کمپنیوں کے پاس ہے جن کا نہ تو ترکیہ میں اندراج ہے اور نہ ہی وہ ترک نژاد ہیں۔

جمعرات کو سیلیبی کی کلیئرنس منسوخ کرتے ہوئے، بھارت کے جونیئر وزیر ہوا بازی مرلیدھر موہول نے ’ ایکس ’ پر کہا کہ حکومت کو سیلیبی پر پابندی لگانے کے لیے پورے بھارت سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلے کی سنگینی اور قومی مفادات کے تحفظ کی بات کو تسلیم کرتے ہوئے، ہم نے ان درخواستوں کا نوٹس لیا ہے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کی ایک اہم اتحادی جماعت شیو سینا نے اس ہفتے ممبئی میں سیلیبی کے خلاف احتجاج کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ شہر کا ہوائی اڈہ اس سے تعلقات ختم کرے۔

ترکیہ کی کمپنی نے اپنی درخواست میں کہا کہ وہ نئی دہلی، کیرالہ، بنگلورو، حیدرآباد اور گوا کے ہوائی اڈوں پر خدمات فراہم کر رہی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ کام شروع کرنے سے پہلے بھارت میں مختلف قومی سلامتی کے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے اس کے پس منظر کی جانچ اور سیکیورٹی کی تصدیق کی گئی تھی۔

دہلی ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جمعرات کو ’ ایکس ’ پر کہا گیا کہ اس نے گراؤنڈ سروسز اور کارگو آپریشنز کے لیے سیلیبی کے ساتھ اپنا تعلق سرکاری طور پر ختم کر دیا ہے۔’

خیال رہے کہ رائٹرز نے جمعہ کو رپورٹ کیا تھا کہ ایئر انڈیا بھارتی حکام پر زور دے رہی ہے کہ وہ اپنی حریف انڈیگو کے ترکش ایئر لائنز کے ساتھ لیزنگ کے معاہدے کو روکے، جس کی وجہ کاروباری اثرات کے ساتھ ساتھ استنبول کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی وجہ سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025