پی ایس ایل 10: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر اور جیز ونس کی جارحانہ نصف سینچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے، بابراعظم کی 94 رنز کی اننگز بھی ان کی ٹیم کو نہیں جتواسکی۔
پشاور زلمی بیٹنگ
پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے محمد حارث صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد بابراعظم اور صائم ایوب نے 98 رنز کی شراکت قائم کی۔
صائم ایوب 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ٹوم کوہلر کوڈ مور 20 رنز بناسکے، میکس برائنٹ 7، معاذ صداقت 19 اورحسین طلعت 12 رنز بناسکے۔
کپتان بابراعظم نے 49 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے لیکن وہ اپنی ٹیم کو میچ نہیں جتواسکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، حسن علی اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز بیٹنگ
پی ایس ایل 10 کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے بین میک ڈرموٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ تاہم، کپتان ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس نے 162 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
ڈیوڈ وارنر نے 50 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جیمز ونس نے 1 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 72 رنز بنائے۔
عرفان خان نیازی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے وہ محمد نبی کے ساتھ ناٹ آؤٹ واپس آئے، نبی نے 10 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے لک ووڈ 2، علی رضا اور عارف یعقوب ایک ایک وکٹ حاسل کرنے میں کامیاب رہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کشدیگی کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا اور پی سی بی نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بحفاظت پاکستان سے رخصت کیا تھا۔
بعد ازاں، پی سی بی نے بقیہ میچز کا شیڈول جاری کیا جس کے تحت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لیگ کے آخری 4 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور پلے آف مرحلے کی میزبانی کرے گا جس میں فائنل بھی شامل ہے۔
دوسری جانب، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا، 7 مئی کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران لائٹس اچانک بند کردی گئی تھیں اور میچ 10 اوور بعد روک دیا گیا تھا۔
بعد ازاں، آئی پی ایل کا آغاز بھی 17 مئی سے ہی کیا گیا تاہم آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کے کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کھیلنے کے لیے دوبارہ بھارت آنے سے معذرت کرلی۔