لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

شائع May 18, 2025 اپ ڈیٹ May 19, 2025
—  فوٹو: پی ایس ایل
— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 26 رنز سے شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے انتہائی اہم میچ سے قبل بارش شروع ہوگئی جس کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔

ساڑھے 7 بجے شروع ہونے والا ٹاس 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوا جس کے باعث میچ کے اوورز بھی کم کردیے گئے اور دونوں ٹیمیں 13،13 اوورز کھیلے۔

بارش سے متاثرہ میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ 13 اوورزمیں 149 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی 123 رنز ہی بناسکی۔

لاہور قلندرز بیٹنگ

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد نعیم اور فخرزمان نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، محمد نعیم 10 گیندوں پر 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق 5 اور کوشال پریرا 17، سکندر رضا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فخرزمان نے انتہائی اہم میچ میں 36 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جب کہ آصف علی نے 18 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے احمد دانیال، علی رضا اور ڈینئل سیمز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو اچھا آغاز نہ مل سکا اور وقفیں وقفیں سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، لاہور قلندرز کے باؤلر سلمان مرزا نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے صائم ایوب اور محمد حارث 8،8 رنز بناسکے، بابراعظم 16، میکس برائنٹ صفر، معاز صداقت 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ عبدالصمد 17، احمد دانیال 24، لک ووڈ صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سلمان مرزا 4، شاہین شاہ آفریدی 2، سکندر رضا اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے لیے آج کا میچ ڈو اینڈ ڈائی کی صورتحال اختیار کرگیا تھا۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ جو پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025