مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں، پاکستانی مندوب کی عرب سفرا کو بریفنگ
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے عرب گروپ کے سفراکو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق عاصم افتخار احمد نے عرب گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی موجودہ علاقائی صورت حال پربریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سمیت دیگر جارحانہ بھارتی اقدامات اشتعال انگیز، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
عاصم افتخار نے سفرا کو آگاہ کیا کہ بھارت کی طرف سے جارحیت کی کھلم کھلا کارروائی پر پاکستان کا ردعمل عالمی چارٹر کے تحت اپنے دفاع کےحق کے استعمال میں متناسب اقدام تھا۔
انہوں نے عرب سفرا سے جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔