بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ پر ٹوئنکل کھنہ کا طنزیہ ردعمل
بھارتی اداکارہ، مصنفہ اور فلم پروڈیوسر ٹوئنکل کھنہ نے پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں کو بھارتی تفریحی پلیٹ فارمز سے ہٹانے کی مذمت کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں ردعمل دیا ہے۔
حال ہی میں ٹائمز آف انڈیا میں لکھے گئے بلاگ میں ٹوئنکل کھنہ نے پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ پر جرئت مندانہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ جب سے فلم ’صنم تیری قسم‘ دوبارہ ریلیز ہوئی ہے، وہ اس کے گانے اسپاٹی فائے پر مسلسل سن رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ دورانِ براؤزنگ انہیں معلوم ہوا کہ فلم کی مرکزی اداکارہ ماورا حسین کو البم کے سرورق سے ہٹا دیا گیا ہے، مزید تحقیق کرنے پر انہیں معلوم ہوا کہ دیگر پاکستانی فنکار جیسے فواد خان اور ماہرہ خان کو بھی ان کی فلموں کے پوسٹرز سے حذف کر دیا گیا۔
بھارتی اقدامات پر طنز کرتے ہوئے ٹوئنکل کھنہ نے کہا کہ میں بھی ایک اچھے شہری ہونے کا فرض نبھانا چاہتی ہوں، اس لیے میری تجویز ہے کہ ہم عابدہ پروین اور فریدہ خانم کے تمام گانوں کو اپنی ڈھنچک پوجا کے ذریعے دوبارہ ڈب کروادیں، یہ یقیناً پاکستانیوں کو ’سبق سکھانے‘ کا مؤثر طریقہ ہوگا۔
ان کا یہ طنزیہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی جانب سے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں، یوٹیوب چینلز، گانوں اور دیگر مواد پر بائیکاٹ جاری ہے۔
اسی بائیکاٹ کے نتیجے میں بالی وڈ میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں، جن میں فواد خان، ماہرہ خان، صبا قمر اور ماورا حسین شامل ہیں، کو ان کی فلموں کے پوسٹرز اور پروموشنل مواد سے ہٹایا گیا تھا جب کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے بھی پاکستانی فنکاروں کے گانے ہٹادیے گئے تھے۔