قائد اعظم سے 10 سال کی عمر میں ملا تھا، فیصل رحمٰن

شائع May 20, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ جب ان کی عمر 10 سال تھی تب وہ بانی پاکستان قائد اعظم سے ملے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل میں بھی فیصل رحمٰن نے ایک ٹی وی پروگرام میں بتایا تھا کہ وہ بچپن میں قائد اعظم سے ملے تھے لیکن انہیں صحیح سے اپنی عمر یاد نہیں۔

اب انہوں نے ایک بار پھر اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قیام پاکستان کے وقت ان کی عمر 10 سال تھی اور وہ بانی پاکستان سے بھی ملے تھے۔

فیصل رحمٰن نے حال ہی میں ’اے آر وائے نیوز‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مزاحیہ انداز میں اپنی عمر پر ایک بار پھر گفتگو کی۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ وکی پیڈیا اور انٹرنیٹ پر ان کی عمر غلط لکھی ہوئی ہے، وہ 1966 میں پیدا نہیں ہوئے تھے بلکہ تقسیم ہند کے وقت بھی وہ 10 سال کے تھے۔

فیصل رحمٰن اپنی عمر سے متعلق بات کرتے وقت بار بار مسکراتے دکھائی دیے اور کہا کہ جب انہوں نے کچھ عرصہ قبل ٹی وی پروگرام میں اپنی عمر بتائی تو لوگوں کو یقین ہی نہیں آیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ جب 10 سال کے تھے تب قائد اعظم سے ملے تھے اور یہ کہ اب بھی وہ صحت مند اور جوان ہیں۔

ان کی بات پر پروگرام میں موجود دیگر مزاحیہ فنکاروں نے کہا کہ فیصل رحمٰن جتنی تو انہوں نے بھی کبھی نہیں پھینکی، جس پر اداکار ہنس پڑے جب کہ پروگرام میں موجود دیگر مہمان بھی ہنستے رہے۔

اسی دوران پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے حساب لگا کر فیصل رحمٰن کو بتایا کہ اس کا مطلب ہے کہ اداکار کی عمر 88 سال ہے؟ اس پر انہوں نے شکر ادا کیا۔

فیصل رحمٰن نے صحت مند زندگی گزارنے کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ اچھی غذا کھائیں، ورزش کریں اور شادی نہ کریں، تبھی صحت مند اور لمبی زندگی جئیں گے۔

اداکار نے ہنستے ہوئے کہا کہ شادی طویل زندگی کا راز نہیں، جن کی شادی ہوجاتی ہے، وہ اتنی لمبی عمر تک نہیں پہنچ پاتے، شادی کے بعد انسان کی تنزلی شروع ہوتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025