’پاکستان کی عادت ہے پیٹھ پیچھے حملے کرنے کی‘، سریش اوبرائے کو تنقید کا سامنا
بولی وڈ اداکار سریش اوبرائے نے پاکستان کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عادت ہے پیٹھ پیچھے حملے کرنے کی، پہلے وہ بھائی بنتے ہیں اور پھر پیچھے سے حملہ کر دیتے ہیں۔
حالیہ تنازع کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔
7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر فضائی حملہ کیا، جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے کافی نقصان پہنچا۔
اگرچہ یہ تنازع جنگ بندی کے ذریعے ختم ہو چکا ہے، تاہم دونوں ممالک کے فنکاروں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
حالیہ دنوں میں بولی وڈ اداکار وویک اوبرائے کے والد سریش اوبرائے، جنہیں کبیر سنگھ اور اینیمل جیسی فلموں میں ان کے کرداروں کی وجہ سے جانا جاتا ہے، نے بھی پاکستان مخالف بیان دے کر تنازع کو مزید ہوا دے دی۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سریش اوبرائے نے کہا کہ میں دوسروں کے بارے میں نہیں جانتا، لیکن میں نہیں چاہتا کہ کوئی پاکستانی اداکار، گلوکار یا کرکٹر بھارت آئے۔ میں یہ بھی نہیں چاہتا کہ ان کے کھلاڑی یہاں آکر کوئی میچ کھیلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات سننے میں عجیب لگے گی کیونکہ ہم ہمیشہ یہی سنتے ہیں کہ کھیل اور فنون الگ الگ ہوتے ہیں، مگر کیا آپ نے ان کے کرکٹرز اور اداکاروں کے بیانات نہیں سنے؟ ہمیں شرم آنی چاہیے کہ ہم انہیں اپنے ملک میں دعوت دیتے ہیں۔
سریش اوبرائے کے مطابق پاکستان کی عادت ہے پیٹھ پیچھے وار کرنے کی۔ پہلے وہ جھکتے ہیں، اور پھر پیچھے سے حملہ کر دیتے ہیں۔
سریش اوبرائے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے اور انہیں عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رومیسہ خان نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے (وویک اوبرائے) کی تو خود بالی وڈ میں انٹری پر پابندی ہے۔

ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ ان کے بیٹے کا صرف ایک ہی گانا مشہور ہے ’تیرے لیے‘ اور وہ بھی ایک پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے گایا تھا۔

جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ بھارت، براہِ مہربانی اپنا منہ بند رکھو۔ کیا تم ایک دن بھی پاکستان کے بارے میں سوچے بغیر گزار سکتے ہو؟