آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا، انہیں یہ اعزاز بے مثال قیادت اور ملکی دفاع کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔
اسی طرح وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس، صوبائی گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد، غیر ملکی سفارتکار، سول وعسکری حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل کا اعزاز دیا، انہیں یہ اعزاز بے مثال قیادت اور ملکی دفاع کے لیے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
صدر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز قابل فخر لمحہ ہے، فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی، ہمارے بھرپور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیت ثابت کردی، پاکستان امن کا داعی ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اللہ تعالیٰ وطن عزیز کے محافظوں کو اپنی حفظ وامان میں رکھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخی اور قابل فخر دن ہے، ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، ہماری عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف بے مثال اور تاریخی فتح حاصل کی، بھرپور اور موثر جواب دیا کہ دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا، کشیدہ صورتحال کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وطن عزیز کے لیے فیلڈ مارشل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی خود مختاری اور سلامتی کے لیے فیلڈ مارشل کا کردار بہت اہم ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا، قوم کے بہادر سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی۔