پاکستان اپنے جوہری سیکیورٹی نظام کی مضبوطی کے معاملے پر مکمل پراعتماد ہے، وزارت خارجہ
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جامع جوہری سیکیورٹی نظام اور اپنے کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی کے معاملے پر مکمل طور پر پراعتماد ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان سابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے ایک بھارتی میڈیا ادارے کو دیے گئے ریمارکس کے بعد جاری کیا ہے جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بیان کا ذکر تھا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ جان بولٹن کے ریمارکس راج ناتھ سنگھ کے بیان سے شروع ہوئے، جو ایک ہندو انتہا پسند تنظیم سے منسلک رہنما ہے، اور پاکستان کے خلاف جارحیت کی بار بار دھمکیاں دینے کے لیے جانا جاتا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ درحقیقت بین الاقوامی برادری کو اس بات پر زیادہ فکر مند ہونا چاہیے کہ بھارت کے جوہری ہتھیار راج ناتھ سنگھ جیسے افراد کے کنٹرول میں ہیں، جو پاکستان اور مسلم دشمنی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں ور اپنی عظمت کے خطرناک وہم میں مبتلا ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے سیاسی منظر نامے، میڈیا اور اس کے معاشرے کے بعض حصوں کی بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی جوہری سکیورٹی کے جائز خدشات کو جنم دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ خدشات بھارت میں جوہری بلیک مارکیٹ کی موجودگی کی وجہ سے مزید بڑھ جاتے ہیں، جو اس کے جوہری سیکیورٹی فریم ورک میں سنگین خامیوں کو اجاگر کرتی ہے، جیسا کہ حساس جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی اسمگلنگ کے بار بار ہونے والے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے۔