ترجمان پاک فوج اور سیکریٹری داخلہ آج دوپہر اہم پریس کانفرنس کریں گے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا آج دوپہر ڈھائی بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق خطے اور ملک کی موجودہ صورتحال، پاک - بھارت سیز فائر، بھارت کی انتہا پسند قیادت کے اشتعال انگیز بیانات، بھارت کی آبی جارحیت اور خضدار میں اسکول بس پر بھارتی پراکسیز کے حملے کے تناظر میں اس پریس کانفرنس کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے جو عسکری منصوبے اپنائے گئے ہیں وہ کئی دہائیوں تک زیر مطالعہ رہیں گے، بھارت سندھ طاس معاہدہ جاری نہیں رکھتا تو کشمیر کی آزادی پر تمام 6 دریا پاکستان کے ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستانی فوج نے بھارت پر برتری حاصل کی ہے اور حالیہ حملے میں بھارت کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روک دیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی فوج کا حوصلہ اور بھارت پر حاصل کی گئی برتری نے عوام کے دلوں میں فوج کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے، اور اب فوج عزت اور فخر کی علامت بن چکی ہے۔