پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد مودی کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد مودی کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، بھارت بڑی شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے، فتنۃ الہند کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، ایسے قوانین بنائے جائیں گے کہ دہشت گردوں کا ٹرائل ہو تو وہ بچ نہ سکیں۔
کوئٹہ میں خضدار حملے کے زخمی بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہمارے بچوں نے ایک بار پھر قربانی دی، والدین اپنا سب کچھ وطن پر قربان کرنےکے لیے تیار ہیں، ان کے حوصلے اور عزم کو سراہتا ہوں۔
انہوں کہا کہ کلبھوشن یادیو کا پکڑا جانا ثبوت ہے کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے، مودی کا خطاب شکست سے بچنے کے لیے فیس سیونگ ہے۔
عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے حکمت عملی بن رہی ہے، تمام سیاسی جماعتیں، ادارے مل کر بلوچستان میں امن قائم کریں گے، قوم متحد ہے، دشمن کے ہر وار کا مقابلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے قوانین بنائے جائیں گے کہ دہشت گردوں کا ٹرائل ہو تو وہ بالکل بھی بچ نہ پائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد مودی کو چھپنےکی جگہ نہیں مل رہی، بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا عزم ہے کہ بلوچستان امن کا گہوارہ بنے، دہشت گردوں کا پورے عزم کے ساتھ قلع قمع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بھارت، بلوچستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔