کم کارڈیشین کو لوٹنے والوں کو 9 سال بعد حیران کن سزا
فرانسیسی عدالت نے امریکی ٹی وی سپر اسٹار اور ماڈل کم کارڈیشین کو 2016 میں لوٹنے والے مجرموں کے گروہ کو 9 سال بعد سزا سنا دی، جس پر کم کارڈیشین نے شکر ادا کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایجنسی فرانس پریس‘ (اے ایف پی) کے مطابق کم کارڈیشین سے لوٹ مار کرنے کے کیس کی سماعتیں اپریل سے جاری تھیں اور 23 مئی کو عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو سزائیں سنائیں۔
سرکاری وکلا نے تمام ملزمان کو کم سے کم 10 سال قید کی سزا سنانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت نے تمام ملزمان کو حیران کن سزا سنادی۔
عدالت نے مرکزی ملزم کو محض 8 سال کی سزا سنائی، جس میں سے 5 سال معطل قید کی سزا سنائی، اسی طرح عدالت نے باقی ملزمان کو بھی قید کی معطل سزا سنادی، جس کے بعد کسی بھی ملزم کو جیل نہیں بھیجا گیا۔
عدالت نے تمام 9 مرد اور ایک خاتون کو مجرم قرار دیا جب کہ کم کارڈیشین کی رہائش سمیت ان کی مصروفیات کی معلومات فراہم کرنے والے دو ملزمان کو عدالت نے بری کردیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد تمام ہی 9 مجرمان میں سے کوئی بھی جیل نہیں بھیجا گیا، مرکزی ملزم پہلے ہی تین سال تک جیل میں رہے تھے اور اب وہ زائد العمری کے باعث بیمار ہیں، وہ اپنی قوت سماعت و گویائی سے بھی محروم ہو چکے ہیں، جس وجہ سے عدالت نے انہیں باقی 5 سال معطل قید کی سزا سنائی۔
اسی طرح باقی دو زائد العمر مجرمان میں سے ایک مجرم کینسر سے جنگ لڑ رہا ہے اور ان کی کیموتھراپی جاری ہے جب کہ باقی ملزمان بھی زائد العمر ہیں اور مختلف طبی مسائل سے دوچار ہیں۔
ڈکیتی کرنے والے گروہ میں صرف ایک ہی مجرم 35 سال کی عمر کا تھا، عدالت نے اسے بھی قدرے نرم سزا سنائی اور تمام ملزمان عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد اپنے ساتھ لائے گئے سامان سمیت گھر واپس چلے گئے۔
ملزمان کو توقع تھی کہ انہیں جیل بھیجا جائے گا، اس لیے وہ مکمل انتظامات اور سامان سمیت عدالت میں حاضر ہوئے لیکن عدالت کے حیران کن فیصلے کے بعد تمام ملزمان گھر واپس چلے گئے۔
دوسری جانب کم کارڈیشین نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں فرانسیسی عدالت کی جانب سے انصاف فراہم کرنے پر عدالت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کم کارڈیشین سے لوٹا گیا تقریبا 10 لاکھ امریکی ڈالرز مالیت کا سونا اور دیگر سامان بھی برآمد نہیں ہوا اور عدالت نے ملزمان کو قدرے کم سزائیں دیں، تاہم اس باوجود کم کارڈیشین نے عدالتی فیصلے کو اپنے ساتھ انصاف قرار دیا۔
خیال رہے کہ نو سال قبل کم کارڈیشین پیرس کے ایک ہوٹل میں ڈکیتی کا شکار ہوئی تھیں، جہاں ڈاکوؤں نے اُن سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ لیے تھے، ان قیمتی اشیاء میں ایک 40 لاکھ ڈالر مالیت کی منگنی کی انگوٹھی بھی شامل تھی، جو آج تک برآمد نہیں ہو سکی۔
کم کارڈیشین اکتوبر 2016 میں پیرس فیشن ویک میں شرکت کے لیے آئیں تھیں، جہاں ان کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا۔