یہ کہنا درست نہیں 4 اموات کی واحد وجہ کووڈ تھی، حکومت سندھ نے وضاحت جاری کردی

شائع May 24, 2025
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی میں کورونا وائرس سے ہونے والی 4 اموات سے متعلق سندھ حکومت نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔

محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس سے منسوب کی جانے والی چاروں اموات صرف کووڈ کی وجہ سے نہیں ہوئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ چاروں مریضوں کی عمریں 60 سال سے زیادہ تھی اور وہ دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھے۔

محکمہ سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ تمام مریض کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، اور یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ان کی موت کی واحد وجہ کووڈ تھا۔

کووڈ کو اب دنیا بھر میں، بشمول پاکستان، ایک معمول کے وائرس کے طور پر لیا جا رہا ہے۔ لہٰذا صرف کووڈ کو موت کی وجہ قرار دینا خوف و ہراس میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ اس لیے میڈیا سے گزارش ہے کہ ایسی سرخیاں دینے سے گریز کیا جائے۔

اس سے قبل، محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس سے 4 اموات کی تصدیق کی تھی۔

ماہرِ متعدی امراض ڈاکٹر فیصل محمود کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سے 3 ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جب کہ متاثرہ افراد میں کورونا کی علامات وہی ہیں جو گزشتہ برسوں میں سامنے آتی رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مریضوں میں کھانسی، نزلہ، بخار اور جسم میں درد کی نمایاں علامات شامل ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں، رش والی جگہوں پر جاتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025