سندھ میں انسداد پولیو مہم 26 مئی سے شروع ہوگی، ایک کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

شائع May 24, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

حکومت سندھ نے صوبے بھر میں 26 مئی سے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور بنوں میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے تھے، جس کے بعد موجودہ سال پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی تھی۔

آج جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مہم کا مقصد سندھ کے تمام 30 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 6 لاکھ زیادہ بچوں کو قطرے پلانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ مہم 26 مئی سے یکم جون 2025 تک جاری رہے گے، اور اس میں 80 ہزار سے زیادہ تربیت یافتہ پولیو ورکرز 25 ہزار 539 قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی مدد سے گھر گھر جا کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی بچہ انسداد پولیو قطرے پینے سے رہ نہ جائے، اسی طرح 6 سے 59 ماہ کی عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے سپلیمنٹس بھی ملیں گے تاکہ ان کی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد ملے۔

پریس ریلیز کے مطابق یہ مہم فروری اور اپریل میں دو پچھلی انسداد پولیو مہم کے علاوہ ہے، رواں ہفتے کے اوائل میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیو کے بڑھتے کیسز کا مسئلہ اٹھایا تھا اور احتساب و اجتماعی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق کچھ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی اور رواں سال سندھ میں اب تک 4 پولیو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تازہ ترین انسداد پولیو مہم صوبے کے بچوں کو اس بیماری سے بچانے کے ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) سندھ کے ترجمان کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ پولیو ہر جگہ بچوں کے لیے خطرہ ہے، یہ مہم ہر بچے تک پہنچنے کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے، اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان پولیو خاتمے کے قریب پہنچ جائے۔

ای او سی کے مطابق پولیو ٹیمیں ایک ہزار 292 یونین کونسلوں میں فعال ہوں گی، جنہیں ضلعی انتظامیہ اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے شراکت داروں کی مدد حاصل ہے، یہ ٹیمیں پولیو کے قطرے خاندانوں کو دہلیز پر فراہم کریں گی۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ نے والدین، اساتذہ، مذہبی رہنماؤں، بزرگوں اور میڈیا سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس اہم قومی کوشش کا ساتھ دیں اور پولیو کے قطرے نہ پینے بچوں کی اطلاع دینے یا ویکسین کے بارے میں سوالات پوچھنے کے لیے شہری 1166 ہیلپ لائن یا واٹس ایپ 6546-777-0346 پر کال کر سکتے ہیں۔

پاکستان، دنیا کے صرف 2 پولیو سے متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، جہاں 2024 میں 74 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ روز حکومت خیبرپختونخوا نے پیر سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 73 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا تھا۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ نے سروسز ہسپتال میں ایک تقریب کے دوران مہم کا افتتاح کیا تھا۔

ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے کوآرڈینیٹر شفیع اللہ خان، یونیسیف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے اور دیگر حکام نے شرکت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025