کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیکر لاہور قلندرز پی ایس ایل 10 کا چیمپئن بن گیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بن گئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے فائنل میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کی پاکستانی پانیوں کی حفاظت اور سمندری دفاع میں اپنی برتری ثابت کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
معروف گلوکاروں نے ملی نغموں سے شائقین کا لہو گرمایا، گلوکار ابراراحمد نے اپنے مشہور گیتوں سے شائقین سے خوب داد وصول کی جب کہ گلوکار رضوان مرزا، حسین علی پراچا اور ندیم عباس لونے والا نے ملی نغمہ گاکر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
پی ایس ایل 10 کے آخری معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حسن نواز اور فہیم اشرف کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے محمد نعیم، کوشال پریرا کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کوشال پریرا 62 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بیٹنگ
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اوپننگ جوڑی اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔
کپتان سعود شکیل 4، فن ایلن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو رائیلی روسوو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے وہ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اویشا فرنینڈو بھی 29 رنز ہی بناسکے۔
تاہم، حسن نواز وکٹ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے اپنی نصف سینچری مکمل کی، وہ 43 گیندوں پر 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
دنیش چندیمل نے 13 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ فہیم اشرف نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا، انہوں نے سلمان مرزا کو آخری اوور میں 3 چھکے اور ایک چوکا لگاکر 23 رنز بٹورے، وہ 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 جب کہ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز بیٹنگ
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، تاہم فخرزمان صرف 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
البتہ محمد نعیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا وہ 27 گیندوں پر 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 6 چھکے اور صرف ایک چوکا شامل تھا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے بھی 28 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ راجا پکسے صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کوشال پریرا 31 گیندوں پر 62 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جب کہ سکندر رضا نے 7 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ٹاس کے وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ فائنل سے پہلے ہمیں تھوڑا آرام کا موقع ملا گیا جس سے ہم مزید تازہ دم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لاہور قلندرز کی بہترین باؤلنگ لائن اپ کے خلاف بہترین اسکور کرنا چاہتے ہیں اور انہیں بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے جب کہ میرا اپنے تمام کھلاڑیوں کا یہی پیغام ہے کہ یہ صرف ایک میچ ہے، فائنل کا کوئی پریشر نہیں لینا۔
ٹیم میں تبدیلی سے متعلق سعود شکیل کا کہنا تھا کہ محمد وسیم کچھ بہتر محسوس نہیں کررہے تھے لہذا ان کی جگہ خرم شہزاد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل اچھی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں اور آج بھی ہماری کوشش یہی ہوگی کہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں جب کہ ہم کھلاڑی کو ٹیم میں اپنا کردار معلوم ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے۔
ٹیم میں تبدیلی سے متعلق انہوں نے کہا کہ سکندر رضا کی واپسی ہوئی ہے، انہیں شکیب الحسن کی جگہ پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز اسکواڈ
شاہین آفریدی (کپتان)، فخرزمان، محمد نعیم ، عبداللہ شفیق ، کوشل پریرا, بھنوکا راجاپکسے، آصف علی ، سکندر رضا ، رشاد حسین، سلمان مرزا اور حارث رؤف شامل ہیں
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ
سعود شکیل (کپتان)، فن ایلن، حسن نواز ، دنیش چندیمل، اویشکا فرنینڈو، رائیلی روسو ، محمد عامر ، خرم شہزاد ، فہیم اشرف ، عثمان طارق اور ابراراحمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
اسی طرح، پاکستان سپرلیگ 10 کے دوسرے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
