وینا ملک سے رشتہ کیوں ختم ہوا؟ ببرک شاہ کا انکشاف

شائع May 26, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

ماضی کے مقبول اداکار، گلوکار اور موسیقار ببرک شاہ نے بالآخر اداکارہ وینا ملک سے شادی نہ ہونے کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔

حال ہی میں ببرک شاہ ’سن ٹی وی‘ کے پروگرام جگ بیتی میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں ببرک شاہ نے اداکارہ وینا ملک سے اپنے تعلق کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’ہماری شادی اس لیے نہیں ہو سکی کیونکہ وینا کسی اور کو پسند کرنے لگی تھیں، یہی وجہ تھی اور پھر مجھے بھی کوئی اور مل گیا تھا۔‘

اداکار کے مطابق ’وینا ملک نے مجھے کوئی جائیداد تحفے میں نہیں دی تھی، دراصل ہم نے ماضی میں ایک زمین مشترکہ طور پر خریدی تھی کیونکہ ہمارا شادی کا ارادہ تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں محمد علی اور زیبا کے گھر کی طرح ایک ’علی زیب‘ گھر بنانا چاہتا تھا کیونکہ میں اُن دونوں کو بہت پسند کرتا ہوں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اسی سوچ کے تحت ہم نے مل کر زمین خریدی، لیکن پھر گھر میں نے تنہا تعمیر کروایا کیونکہ ہمارا تعلق برقرار نہ رہ سکا اور ہمارا بریک اپ ہوگیا۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’اس گھر کو مکمل ہونے میں دس سال لگے لیکن آج بھی اس زمین کا آدھا حصہ اُن کا ہے اور آدھا میرا۔‘

ببرک شاہ ایک ورسٹائل پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں جنہوں نے بے شمار کامیاب پاکستانی فلموں اور ڈرامہ سیریلز میں کام کیا ہے۔

ان کے مشہور ڈراموں میں باغی، داستان، پانی جیسا پیار، گھر اور دیگر شامل ہیں، جبکہ ان کی نمایاں فلموں میں سرکار، کوئی تجھ سا کہاں، کیوں تم سے پیار اتنا، ماہی آوے گا، تڑپ، زمین کے خدا اور پیارے سچیاں شامل ہیں۔

ببرک شاہ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور صارفین وینا ملک اور ببرک شاہ دونوں کی ایمانداری اور وفاداری کی تعریف کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’ببرک شاہ ایک ایماندار آدمی ہیں، جنہوں نے جائیداد کے بارے میں کبھی جھوٹ نہیں بولا اور نہ ہی یہ دعویٰ کیا کہ وہ مکمل ان کی ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025