آئی ایم ایف کی پاکستان میں مسلسل 6 سال اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی پیشگوئی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں مسلسل 6 سال اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی پیشگوئی کردی جبکہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح حکومتی ہدف سے کہیں کم رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان میں مسلسل 6 سال اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی پیشگوئی کردی جبکہ عالمی مالیاتی ادارے نے رواں مالی سال مہنگائی 12 فیصد کےحکومتی ہدف کے مقابلے میں صرف 5.1 فیصد رہنے کا تخمینہ ظاہر کردیا۔
آئی ایم ایف کو رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں 5.1 فیصد رہنےکی توقع ہے جبکہ رواں مالی سال کے لیے حکومت نے اوسط مہنگائی کا ہدف ڈبل ڈیجٹ میں 12 فیصد مقرر کر رکھا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں مالی سال 26-2025 میں اوسط مہنگائی 7.7 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ مالی سال 27-2026 کے لیے پاکستان میں اوسط مہنگائی کا تخمینہ 6.5 فیصد ہے۔
آئی ایم ایف نے مالی سال 28-2027 سے 30-2029 تک اوسط مہنگائی 6.5 فیصد رہنےکی پیش گوئی کی ہے، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال 24-2023 پاکستان میں اوسط مہنگائی 23.4 فیصد تھی جبکہ مالی سال 23-2022 میں پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد تھی جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران اوسط مہنگائی 4.73 فیصد رہی۔