• KHI: Maghrib 7:22pm Isha 8:51pm
  • LHR: Maghrib 7:08pm Isha 8:47pm
  • ISB: Maghrib 7:19pm Isha 9:02pm
  • KHI: Maghrib 7:22pm Isha 8:51pm
  • LHR: Maghrib 7:08pm Isha 8:47pm
  • ISB: Maghrib 7:19pm Isha 9:02pm

مودی جیسے لوگ اقتدار میں آجائیں تو ملک کیساتھ دنیا کا امن تباہ کرتے ہیں، خواجہ آصف

شائع May 27, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی اوقات پر اتر آیا ہے اور مودی جیسے لوگ اقتدار میں آجائیں تو ملک کے ساتھ دنیا کا امن تباہ کرتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جس طرح نیتن یاہو قصائی کا کردار ادا کررہا ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی لیکن جو مودی کہہ رہا ہے، دراصل انہیں امید نہیں تھی ان کے ساتھ جو 3 سے 4 دن میں ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اور سائبروار فیئر میں ہمیں بھارت کے خلاف قابل قدر کامیابی ہوئی، چند گھنٹوں کے دوران جو بھارت کے ساتھ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، بھارتی اب تک صدمے میں ہیں کہ ان کے ساتھ یہ ہواکیا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مودی کو اپنے سامنے سیاسی موت نظر آرہی ہے جو واقع ہوچکی ہے، ہماری فوج اور ہمارے بچوں نے وارفیئر میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اور سائبر وار فیئر میں انسانی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا جس ہم نے ان کا سب کچھ ہی بند کردیا تھا، اور مودی گولی مارنے کی بات کر رہا ہے لیکن ہمیں گولی مارنے کی ضرورت ہی نہیں ہے، ہم ویسے ہی ان کا سب کچھ بند کردیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مودی کی سیاسی موت ہوچکی ہے اس لیے وہ دوبارہ کسی قسم کا ایڈوانچر کرسکتا ہے لیکن دنیا اب ان کی کسی ایڈوانچر کی حمایت نہیں کرے گا اور ابھی بھی اسرائیل کے علاوہ کسی نے بھی مودی کی حمایت یا مدد نہیں کی۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت سیاحت کو گلے لگاتا ہے، پاکستان دہشت گردی کو سیاحت سمجھتا ہے، یہ ذہنیت دنیا کے لیے خطرہ ہے، پاکستانی عوام سے کہتا ہوں سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔

’گجرات کے قصائی‘ کا لقب پانے والے بھارتی وزیراعظم نے سنگین الزام عائد کیا کہ دہشت گردی آپ (پاکستان) کی حکومت اور فوج کے لیے پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے، پاکستانی عوام کو آگے آکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جون 2025
کارٹون : 11 جون 2025