فیکٹ چیک: نیٹ فلکس نے عمران خان پر کوئی ڈاکیومینٹری ریلیز نہیں کی
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے برخلاف، عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’نیٹ فلکس‘ کی جانب سے سابق وزیرِاعظم عمران خان پر کسی قسم کی ڈاکیومینٹری ریلیز نہیں کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر نیٹ فلکس ’عمران خان: دی گیم چینجر‘ کے عنوان سے وائرل ہونے والی ویڈیوز اور پوسٹس حقائق کے منافی ہیں۔
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خصوصاً فیس بک، انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک دعویٰ تیزی سے وائرل ہوا کہ نیٹ فلکس نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان پر مبینہ طور پر ایک خصوصی ڈاکیومینٹری جاری کی ہے۔
ڈاکیومینٹری میں عمران خان کی سیاسی جدوجہد، عدالتی مقدمات اور حالیہ گرفتاری کے پسِ منظر کو پیش کیا گیا ہے۔
تاہم آئی ویریفائی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، یہ دعویٰ سراسر بے بنیاد ہے، نیٹ فلکس کی آفیشل ویب سائٹ، ایپ اور بین الاقوامی میڈیا لائبریری میں عمران خان کے حوالے سے کوئی ایسی ڈاکیومینٹری موجود نہیں۔

نیٹ فلکس نے نہ تو ایسی کسی ڈاکیومینٹری کا اعلان کیا ہے اور نہ ہی اس سے متعلق کوئی پروموشنل مواد جاری کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس ویڈیو کو نیٹ فلکس کی ڈاکیومنٹری کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے درحقیقت وہ ایک نامعلوم یوٹیوب چینل سے لی گئی ہے۔
ویڈیو میں نیٹ فلکس کا لوگو اور پیشکش کرنے کے انداز کو ایڈیٹنگ کے ذریعے شامل کیا گیا ہے تاکہ اسے زیادہ معتبر اور اصل دکھایا جاسکے۔