بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کا پاکستان کی جانب سے 5 بھارتی طیارے مار گرانے کا اعتراف

شائع May 30, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارت حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر سبرامنیم سوامی نے مودی سرکاری کے جھوٹ کا پول کھولتے ہوئے پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے 5 طیارے گرائے جانے کا اعتراف کرلیا۔

بی جے پی کے سینئر رہنما سبرامنیم سوامی نے انٹرویو کے دوران ایک سوال پر کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے گرائے، کارروائی میں چین کے کردار سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ طیارے تو چین کے ہی تھے لیکن چین کے لوگوں نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے دیے گئے طیارے عمدہ تھے مگر فرانس کے طیارے اتنے عمدہ نہیں تھے، پاکستان نے 5 طیارے گرائے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رافیل طیارے ہمارے ملک کے لیے موزوں نہیں ہیں، انہوں نے کہاکہ رافیل کی خریداری کتنی کرپشن ہوئی یہ دوسری بات ہے کیونکہ مودی کے رہتے ہوئے ہم تحقیقات نہیں کرسکتے، وہ ایسا ہونے نہیں دے گا۔

یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو محدود کردیا تھا جبکہ بھارت میں موجود پاکستانی کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے علاج کی غرض سے جانے والے بچوں سمیت تمام پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا۔

جواب میں پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی غیرقانونی معطلی کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے بھارتی سفارتی عملے کو محدود کرنے کے ساتھ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیے تھے، جبکہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت منسوخ کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کردی تھی۔

بعد ازاں بھارت نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد سمیت 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان فوری دفاعی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

بھارت نے 10 فروری کی رات پاکستان کی 3 ایئربیسز کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025