الیسٹر کک پی ایس ایل کے دوران پاکستان کی مہمان نوازی کے معترف
انگلینڈ کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر الیسٹر کک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کیریئر میں پاکستان میں نہ کھیلنا ہمیشہ ایک کمی رہے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے دوران الیسٹر کک کمنٹری پینل کا حصہ تھے اور انہوں اکثر گراؤنڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا جب کہ ان کی پاکستان کے اسٹار بلے باز بابراعظم کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔
پی ایس ایل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں انگلش ٹیم کے سابق کپتان نے پی ایس ایل کے دوران پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں آکر بہت اچھا لگا مہمان نوازی بہت ہی شاندار تھی ہر کوئی دوستانہ ماحول میں ملا، کرکٹ کا معیار بھی بہت ہی اچھا رہا میں یہاں واپس آنا چاہوں گا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کیریئر میں پاکستان میں نہ کھیلنا ہمیشہ ایک کمی رہے گی، میرے کرکٹ کیریئر میں اس چیز کا افسوس رہے گا کہ کبھی پاکستان میں نہیں کھیل سکا، کبھی ٹیسٹ میچ یا کوئی میچ پاکستان میں نہیں کھیلا۔
دوسری جانب، آسٹریلوی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے خود کو مقامی قرار دیتے ہوئے پاکستانی پاسپورٹ مانگ لیا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کی بات کرتی ہوں آپ میرے چہرے پر مسکراہٹ دیکھیں گے یہ میرے لیے میرا دوسرا گھر ہے۔
مزید کہا کہ مجھے یہاں آنا اور دوستوں سے ملنا اچھا لگتا ہے شہروں میں گھومنا پھرنا اچھا لگتا ہے یہ پاکستان میں میرا چھٹا دورہ ہے اور آئندہ بھی کرتی رہوں گی، میرا پاسپورٹ کہاں ہے؟ میں اب مقامی ہوگئی ہوں ۔