سندھ، بلوچستان، پنجاب میں گرمی، بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار ہے، محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے، اسی طرح سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت دیکھی جارہی ہے، بلوچستان میں سبی، نصیر آباد سمیت دیگر مقامات پر شدید گرمی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، چکوال اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
حکام محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔












لائیو ٹی وی