پاکستان کرکٹ ٹیم کے جولائی میں بنگلادیش کے دورے کا امکان
پاکستان کرکٹ ٹیم کا جولائی میں بنگلادیش کے دورے کا امکان ہے، دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی تجویز ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈز کے درمیان دورے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے جسے جلد حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق دورہ ویسٹ انڈیز سے پہلے قومی ٹیم بنگلادیش جاسکتی ہے۔ میچز کے لیے اٹھارہ سے چوبیس جولائی کی ونڈو زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے آج گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
صدر مملکت نے کہا تھا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جو دنیا بھر میں سب کو قریب لاتا ہے، مجھے لاہور میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرکے خوشی ہوئی، اور میں امید رکھتا ہوں ہماری ٹیم بھی ڈھاکہ کے دورے کرے گی، میں بھی ایک مرتبہ ڈھاکا جانا پسند کروں گا، میں بہت عرصے وہ نہیں دیکھا، مجھے وہاں گئے بہت عرصہ ہوگیا۔