نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں ’اسٹریٹجک ریلوے‘ سروس کا افتتاح کریں گے

شائع June 4, 2025
فائل فوٹو: اے پی
فائل فوٹو: اے پی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 6 جون کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے اور وہاں ایک ’اسٹریٹجک ریلوے‘ سروس کا افتتاح کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نریندر مودی 6 جون کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے اور وہاں ایک ’اسٹریٹجک ریلوے‘ سروس کا افتتاح کریں گے، پاک بھارت مختصر جنگ کے بعد یہ نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا۔

بیان کے مطابق نریندر مودی جمعے کو مقبوضہ کشمیر پہنچیں گے جہاں وہ ’ چناب پل’ کا افتتاح کریں گے، یہ 1315 میٹر طویل اسٹیل اور کنکریٹ سے بنا پل ہے جو دو پہاڑوں کو جوڑتا ہے اور اس کا محراب نیچے بہتے ہوئے دریا سے 359 میٹر اوپر ہے۔

بھارتی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس منصوبے سے مقبوضہ کشمیر کی وادی اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان ہر موسم میں ہموار ریل رابطہ قائم رہے گا۔

پل کے افتتاح کے ساتھ ہی مودی ٹرین کا بھی افتتاح کریں گے جو اسی پل سے گزرے گی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ، جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ مختصر مگر شدید جنگ ہوئی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 10 مئی کو امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔

یہ فوجی محاذ آرائی اس وقت ہوئی جب نئی دہلی نے، بغیر کسی ثبوت کے، اسلام آباد پر مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کو ہلاک کرنے والے دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگایا اور مختلف پاکستانی شہروں پر فضائی حملے شروع کردیے تھے۔

بھارتی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 272 کلومیٹر طویل ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریلوے — جس میں 36 سرنگیں اور 943 پل شامل ہیں — کو ’ علاقائی نقل و حرکت کو تبدیل کرنے اور سماجی و اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے مقصد سے’ تعمیر کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کا مرکزی حصہ چناب پل ہے، جسے بھارت ’ دنیا کا سب سے اونچا محرابی ریلوے پل’ قرار دیتا ہے، بھارتی ریلوے 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی لاگت سے تعمیر کردہ اس پل کو ’ بھارت کی حالیہ تاریخ میں کسی بھی ریلوے منصوبے کو درپیش سب سے بڑا سول انجینئرنگ چیلنج’ بھی قرار دیتی ہے۔

یہ پل لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ فوجیوں کی نقل و حرکت کو بھی آسان بنائے گا، جو پہلے صرف خطرناک پہاڑی سڑکوں اور فضائی راستے سے ممکن تھی۔

نئی ٹرین کے افتتاح سے کٹرا شہر اور سری نگر کے درمیان سفر کا دورانیہ چھ گھنٹے سے کم ہوکر تین گھنٹےرہ جائے گا، چناب پل لداخ، جو چین کی سرحد سے متصل بھارت کا برفیلا علاقہ ہے، میں لاجسٹکس میں بھی انقلاب برپا کرے گا۔

یہ ریلوے لائن فوجی چھاؤنی والے شہر اودھم پور سے شروع ہوتی ہے، جو بھارتی فوج کی شمالی کمان کا صدر مقام ہے، اور شمال کی طرف سری نگر تک جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025