کراچی میں آج بھی زلزلے کا جھٹکا محسوس کیا گیا، شدت 2.1 ریکارڈ
کراچی میں آج زلزلے کا 28واں جھٹکا محسوس کیا گیا ہے جس کی شدت 2.1 ریکارڈ کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق گذشتہ کئی روز سے کراچی کے علاقے ملیر میں زلزلے کے جھٹکے آنے کا سلسلہ جاری ہے، اور آج زلزلے کا 28 جھٹکا محسوس کیا گیا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 2.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز جنوبی ملیر میں 5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں اتوار سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں جن کی زیادہ سے زیادہ 3.6 ریکارڈ کی گئی۔
چیف میٹ مہرصاحبزاد خان نے ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں معمولی نوعیت کے جھٹکے آئندہ 2 سے 3 روز تک محسوس کیے جاسکتے ہیں، تاہم ان جھٹکوں کی شدت میں بتدریج کمی کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہوتی دکھائی دے گی، شہریوں کو اس سلسلے میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پیر کی رات کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل سے ابتدائی طور پر 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے تھے، جن میں سے 78 سے زائد مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا، فرار ہونے کے دوران ایک قیدی ہلاک، جب کہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔
قیدیوں کے فرار کا مقدمہ سپرنٹنڈنٹ جیل ذوالفقار پیرزادہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا،جس میں پولیس مقابلہ، اسلحہ چھیننے اور حراست سے فرار کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
بعد ازاں سندھ حکومت نے قیدیوں کے فرار کے باعث غفلت برتنے پرآئی جی جیل خانہ جات کو عہدے سے ہٹادیا تھا جبکہ سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو معطل کردیا گیا تھا۔