فیکٹ چیک: عید الاضحی پر کراچی میں دہشت گردی کے حملے سے متعلق نیکٹا کا الرٹ جعلی ہے

شائع June 6, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

بدھ کے روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس اور فیس بک پر قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے عید الاضحی کے دوران کراچی میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے سے متعلق ایک مبینہ تھریٹ الرٹ گردش کر رہا ہے۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ یہ تھریٹ الرٹ جعلی ہے۔

دعویٰ

بدھ کو ایک صارف نے ایکس پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ نیکٹا نےعید الاضحی کے دوران کراچی میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ انٹیلی جنس نے عید الاضحی کے دوران کراچی میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے سے خبردار کیا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، اور شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشکوک چیز کی اطلاع دیں۔’

یہ نوٹیفکیشن دیگر صارفین نے، یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیا، اور یہ نوٹیفکیشن فیس بک پر بھی بڑے پیمانے پر یہاں اور یہاں شیئر کیا گیا، اور مختلف واٹس ایپ گروپس میں بھی گردش کرتا رہا۔

فیکٹ چیک

عید کی تعطیلات کے قریب ہونے اور عوام میں غیر ضروری تشویش اور خوف و ہراس پیدا کرنے کے امکان کے پیش نظر، اس دعوے کی سچائی کا تعین کرنے کے لیے حقائق کی جانچ شروع کی گئی۔

متعدد امیج تجزیہ ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے دستاویز کا تجزیہ کرنے سے پتا چلا کہ ’ہائیو ماڈریشن‘ نے 98.6 فیصد امکان ظاہر کیا کہ تصویر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کی گئی تھی، Decopy.ai نے 61 فیصد امکان رپورٹ کیا اور ’فیک امیج ڈیٹیکٹر‘ نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ دستاویز ممکنہ طور پر کمپیوٹر سے تیار کی گئی تھی یا ڈیجیٹل طور پر تبدیل کی گئی تھی۔

ڈیکوپی ڈاٹ اے آئی (Decopy.ai) نامی اے آئی سے تیار کردہ متن کا پتا لگانے والے ٹول کا استعمال کرتے ہوئے نوٹیفکیشن کے متن کا جائزہ لیا گیا تو اس سے 31 فیصد امکان ظاہر ہوا کہ یہ متن اے آئی سے تیار کیا گیا تھا۔

مبینہ الرٹ کی گہری جانچ پڑتال سے کئی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

واضح طور پر، دستاویز کے اوپری حصے میں لفظ ’Pakistan‘ کو ’Pak‘ اور ’istan‘ کے درمیان غیر ضروری فاصلے کے ساتھ لکھا گیا ہے، جملہ ’ In an emerged’ گرامر کے لحاظ سے غلط ہے، اسے ’ It has emerged’ ہونا چاہیے۔

اسی طرح لفظ’ unidetified’ دراصل ’ unidentified ’ ہے جسے غلط ہجے کے ساتھ لکھا گیا ہے۔

پہلے بلٹ پوائنٹ میں، ’ vital’ کی جگہ ’ vitali’ اور ’ vigilance’ کی جگہ ’vigllance‘ لکھا گیا۔

دوسرے بلٹ پوائنٹ میں، لفظ ’ and ’ کی جگہ ’ ani’ استعمال کیا گیا ہے۔

دستاویز کے اختتام پر، صحیح اصطلاح ’ ایوان صدر’ کی بجائے ’ Alwan-e-Sadr’ لکھا ہوا نظر آتا ہے، مزید برآں مبینہ نوٹیفکیشن میں کئی شہروں کے نام بھی غلط ہجوں کے ساتھ درج ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے نام کی اسپیلنگ بھی غلط لکھی گئی ہے۔

’ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی،’ ’تھریٹ الرٹ،‘ ’کراچی‘ اور ’ عید الاضحی’ کے کلیدی الفاظ کی تلاش کے باوجود کسی بھی معتبر خبر رساں ادارے نے مبینہ الرٹ سے متعلق کوئی خبر شائع نہیں کی۔

جانچ پڑتال کا نتیجہ: گمراہ کُن

اس معاملے پر تبصرہ کے لیے رابطہ کرنے پر وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا قادر یار ٹوانہ نے تصدیق کی کہ یہ مبینہ الرٹ جعلی ہے۔

نیکٹا کے سرکاری لینڈ لائن نمبر (051-9216574) پر رابطہ کرنے پر نیکٹا کے ایک نمائندے نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔

لہٰذا، حقائق کی جانچ پڑتال کے بعد یہ طے پایا ہے کہ نیکٹا کی جانب سے عید الاضحی کے دوران کراچی کے لیے دہشت گردی کا الرٹ جاری کرنے کا دعویٰ غلط ہے اور یہ مبینہ الرٹ جعلی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025