راولپنڈی: طالبہ سے شادی کا جھانسا دیکر متعدد بار زیادتی کا مقدمہ درج، ایک ملزم گرفتار

شائع June 9, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

راولپنڈی کی تھانہ صدر بیرونی پولیس نے میٹرک کی طالبہ سے شادی کا جھانسا دے کر متعدد بار زیادتی کر کے ویڈیو بنانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق میٹرک کی طالبہ کو شادی کا جھانسا دے کر اس کے ساتھ متعدد بار زیادتی کرنے کا مقدمہ پولیس نے درج کرلیا ہے۔ ملزم نے ویڈیو بنا کر بلیک میل بھی کیا۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے خصالہ کلاں تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں میٹرک کی طالبہ کو شادی کا جھانسا دے کر متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جب کہ ملزم نے زیادتی کی ویڈیو بنا کر متاثرہ لڑکی کو بلیک میل بھی کیا۔

طالبہ کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ طالبہ کی سہیلی نے اپنے بھائی نقاش سے اس کی دوستی کرائی اور متعدد ملاقاتوں کا بندوبست کیا۔ ملزم نقاش نے شادی کا جھانسا دے کر متعدد بار طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

بعد ازاں ملزم کے کزن باسط نے اس ویڈیو کو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر متاثرہ لڑکی کو مزید بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

مقدمے کے مطابق باسط نے کالز اور میسجز کے ذریعے تعلقات قائم کرنے پر زور دیا اور جب متاثرہ طالبہ نے اس دباؤ کو اپنی سہیلی سے شیئر کیا تو سہیلی نے بھی بھائی کی خواہشات پوری کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب لڑکی نے ان کے مطالبات پورے کرنے سے انکار کیا تو ملزمان نے ویڈیو وائرل کرکے زیادتی کی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025