پاکستانی شوبز شخصیات کا احمد آباد طیارہ حادثے پر اظہار افسوس
بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں اڑان بھرنے کے فوری بعد گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے حادثے پر پاکستان کی سیاسی و سماجی شخصیات کی طرح شوبز شخصیات نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 12 جون کی دوپہر کو ایئر انڈیا کا طیارہ لندن کے لیے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوا، طیارے میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان شامل تھے۔
بدنصیب طیارہ ہسپتال کی عمارت کے اوپر جا گرا، جس سے عمارت میں موجود ڈاکٹرز بھی ہلاک ہوئے جب کہ متعدد زخمی بھی ہوگئے۔
طیارہ حادثے واقعے پر بولی وڈ شخصیات کی طرح پاکستانی شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرین کے لیے دعائیں کیں۔
اداکارہ صحیفہ جبار نے طیارہ حادثے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ حادثے میں متعدد انسانی جانیں گئیں، درد کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، ان کی ہمدردیاں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
اداکارہ ارمینا خان نے طیارے حادثے میں 242 افراد کے ہلاک ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ بطور انسان وہ حادثے پر غمزدہ ہیں اور ان کی دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
شوبز شخصیات کی طرح سوشل میڈیا صارفین نے بھی احمد آباد طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔