ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی اور پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی کیلئے عالمی برادری کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
ڈان نیو زکے مطابق پاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے برسلز میں یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی کیلئے عالمی برادری کی کوششیں لائق تحسین ہیں، بھارت نے پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان نے حق دفاع استعمال کیا، بھارت نے پاکستان کی پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کے جواب میں بلااشتعال جارحیت کی مگر کشیدگی کے دوران پاکستان نے جارحانہ اقدامات کے جواب میں تحمل سے کام لیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو غیرقانونی معطل کیا، مگر پاکستان تمام مسائل گفتگو کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، انسداد دہشت گردی،کشمیر کے معاملے پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ایران پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے سربراہ سفارتی وفد نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سفارتی وفد کے اراکین کے ہمراہ لندن پہنچنے پر ان خیالات کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ پر اپنا نقطہ نظر دنیا کے سامنے پیش کرنے اور نئی دہلی کے غیر ثابت شدہ الزامات کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک وسیع البنیاد سفارتی مہم شروع کرنےکیلئے پارلیمانی وفد تشکیل دیا تھا۔
بلاول بھٹو کی سربراہی میں تشکیل دیے گئے پارلیمانی وفد میں حنا ربانی کھر ، خرم دستگیر ، سینیٹرز شیری رحمان، مصدق ملک، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ، سینئر سفیر جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔
پارلیمانی وفد امریکا اور برطانیہ کا دورہ کرنے کے بعد ان دنوں بیلجیئم کے شہر برسلز میں ہے۔