باجوڑ: وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب کے گھر پر راکٹ حملہ
وزیراعظم شہبازشریف کے معاونِ خصوصی برائے قبائلی امور مبارک زیب کی باوجوڑ میں واقع رہائش گاہ کو ایک بار پھر سے شرپسندوں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
گزشتہ ماہ بھی مبارک زیب کے گھر کو دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں رکن قومی اسمبلی کے گھر کو معمولی نقصان پہنچا تھا۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق مبارک زیب کے گھر پر راکٹ کے ذریعے حملہ کیا گیا لیکن خوش قسمتی سے راکٹ پڑوسی کے گھر کی دیوار میں جا لگا، جس سے گھر کی دیواروں اور مرکزی دروازے کو نقصان پہنچا تاہم افسوسناک واقعے میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
رکن قومی اسمبلی مبارک زیب نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’ایک دفعہ پھر میرے گھر کو رات کی تاریکی میں شرپسندوں نے راکٹ حملہ کردیا، الحمدللہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘۔
ڈی پی او کے مطابق شرپسند عناصر نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مبارک زیب کے گھر کو 2 بار نشانہ بنایا ہے، وقاص رفیق نے بتایا کہ معاون خصوصی برائے قبائلی امور کے گھر پر ہونے والے حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
مبارک زیب کو عام انتخابات 2023 میں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل رہی تاہم ان کے خلاف پارٹی نے اس وقت ایکشن لیا جب انہوں نے پارٹی پالیسی کے برخلاف 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
پولیس اور مقامی رہائشیوں کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز میں افغانستان کی حدود سے باجوڑ کی تحصیل سالار زئی میں مارٹر شیل فائر ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 خواتین زخمی ہو گئی تھیں۔
اپریل میں نامعلوم مقام سے باجوڑ کی تحصیل لوئی مہمند میں ایک گھر پر مارٹر شیل گرنے کے باعث 4 بجے زخمی ہو گئے تھے جب کہ اپریل میں ہی ایک اور واقعے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 3 اہلکار اور 5 مقامی شہری زخمی ہوگئے تھے۔