برطانیہ جنگی طیارے مشرق وسطیٰ بھیج رہا ہے، کیئر اسٹارمر
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ جنگی طیاروں کو مشرق وسطیٰ بھیج رہے ہیں۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں جی 7 کے اجلاس میں جانے سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یہ واضح طور پر آپریشنل فیصلے ہیں اور صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور اس وجہ سے میں تفصیلات نہیں بتا رہا، لیکن ہم اثاثے منتقل کر رہے ہیں، ہم پہلے ہی اثاثوں کو خطے میں منتقل کر رہے ہیں، جس میں جنگی طیارے بھی شامل ہیں۔
کیئر اسٹارمر نے ان رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ برطانیہ کے پاس ایران پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس تفصیل میں نہیں جا رہا کہ ہمارے پاس اس وقت یا اس کے بعد سے کیا معلومات تھیں، لیکن ہم ان چیزوں پر اتحادیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہیں، تاہم اس بارے میں نہیں بتاؤں گا کہ ہم کیا جانتے تھے، کیونکہ ہمارے اتحادیوں اور برطانیہ اور امریکا کے درمیان معلومات کا مسلسل تبادلہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں، ایران نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا، برطانیہ اور فرانس اسرائیل کو تہران کے جوابی حملوں کو روکنے میں مدد فراہم کرتے رہے تو وہ خطے میں موجود ان ممالک کے فوجی اڈوں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنائے گا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایران نے اسرائیل کے تمام اتحادیوں اور ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے دوران میزائل گرانے میں اس کی مدد کرنے والوں کے مشرق وسطیٰ میں قائم اڈے محفوظ نہیں رہیں گے۔