جوہری بم بنانے کی کوشش کی اور نہ کریں گے، سابق سربراہ پاسداران انقلاب
ایرانی پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران نے جوہری بم بنانے کی کوشش کی اور نہ ہی کرے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق محسن رضائی نے ایرانی ٹی وی کو انٹریو کے دوران کہا کہ اسرائیل کے اتحادیوں کے ردعمل کا انتظار ہے، دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیل اور اس کے اتحادی پیچھے ہٹیں گے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپ کی اعلیٰ شخصیات جتنی جلدی کام کریں، اتنا بہتر ہے، امریکا اور یورپی سیاستدانوں کو اسرائیل سے حمایت واپس لینی چاہیے، صہیونی ریاست کو امریکا اور دوسرے ممالک کی لاجسٹک سپورٹ حاصل ہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ اب اسرائیلی طیارے فضا میں داخل ہوئے تو میزائلوں سے ٹکرا جائیں گے جب کہ جنگ کے بہت سنگین نتائج ہوسکتے ہیں اور ہم اس کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران ہمیشہ کوشش کرتا ہے کہ حملوں کی شروعات نہ کریں تاہم اسرائیل نے جنگ شروع کی اور ایران یہ ختم کرے گا۔
پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے نہ کبھی جوہری بم بنانے کی کوشش کی اورنہ کرے گا۔