وزیراعظم نے خاندانی ترسیلاتِ زر کو پاکستانی معیشت کا طاقتور ستون قرار دے دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے خاندانی ترسیلاتِ زر کے عالمی دن پر تارکین وطن کی معیشت میں اہم شراکت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے دوران ریکارڈ 34.9 ارب ڈالر اپنے ملک بھیجے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 28.8 فیصد زیادہ ہیں، مئی 2025 میں 3.7 ارب ڈالر بھیجے گئے جو کہ مئی 2024 کے مقابلے میں 13.7 فیصد اضافی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجے جانے والے ترسیلاتِ زر قومی معیشت کی بنیاد رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 90 لاکھ سے زائد بیرون ملک پاکستانیوں کی اپنے ملک سے گہری وابستگی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مالی عطیات نہ صرف اپنے خاندانوں کے لیے محبت اور ذمہ داری کا اظہار ہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک طاقتور ستون بھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مثبت اشاریے نہ صرف تارکین وطن کی محنت اور وفاداری کا ثبوت ہیں بلکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی اظہار ہے۔













لائیو ٹی وی