خامنہ ای نے جنگ کے اختیارات پاسداران انقلاب کو منتقل کردیے

شائع June 18, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ کے اختیارات سپاه پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کی شوریٰ کو منتقل کردیے جس کے بعد پاسداران انقلاب آئندہ تمام فیصلوں میں بااختیار ہوں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ سے متعلق تمام اختیارات پاسداران انقلاب کی اعلیٰ قیادت کو منتقل کر دیے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے 5 روز سے عوامی سطح پر غیر موجودگی کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی اعلیٰ ترین کونسل کو اہم اختیارات منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ اقدام ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن کے مطابق خامنہ ای کو شمال مشرقی تہران کے علاقے لویزان میں واقع ایک زیرِ زمین بنکر میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اپنے قریبی اہل خانہ، بشمول ان کے بیٹے مجتبی خامنہ ای کے ہمراہ موجود ہیں۔

اس سے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا تھا کہ ایران غیر مشروط طور پر سرنڈر کردے، ہمیں معلوم ہے کہ نام نہاد ’سپریم لیڈر‘ (آیت اللہ خامنہ ای) کہاں چھپے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک آسان ہدف ہیں، لیکن وہاں محفوظ ہیں، ہم کم از کم اس وقت انہیں ختم (قتل) کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

تاہم، ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ میزائل شہریوں یا امریکی فوجیوں پر داغے جائیں، ہمارا صبر اب جواب دے رہا ہے۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ!“

اگرچہ ایران نے باضابطہ طور پر جنگی حالت کا اعلان نہیں کیا لیکن حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ملک درحقیقت ہنگامی حالات میں کام کر رہا ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے اختیارات کی منتقلی کو ایک احتیاطی اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ اگر وہ شہید ہو جائیں تو کمانڈ کا تسلسل قائم رہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025