خیبرپختونخوا: لکی مروت میں دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی، پولیس

شائع June 18, 2025
— فوٹو: عمر باچا
— فوٹو: عمر باچا

پولیس نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جو پنجاب کو گیس فراہم کرتی تھی۔

لکی مروت کے ضلعی پولیس افسر کے اسسٹنٹ ترجمان قدرت اللہ نے بتایا کہ دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی اور اس سے بڑے پیمانے پر گیس کا اخراج ہوا، تورواہ موسمی ندی کے علاقے میں پائپ لائن پر حملہ کیا گیا۔

واقعے کو ’بڑی تخریب کاری‘ قرار دیتے ہوئے ترجمان قدرت اللہ کا مزید کہنا تھا کہ خارجی دہشتگردوں نے بٹانی گیس فیلڈ سے پنجاب جانے والی ایک اہم گیس پائپ لائن کو نشانہ بنایا اور لائن کے ایک اہم حصے کو تباہ کرنے کے لیے دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

اسسٹنٹ ترجمان نے کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، انہوں نے مزید کہا کہ آگ پر قابو پانے اور نقصان کی حد کا اندازہ لگانے کے لیے ہنگامی ٹیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، حکام نے اس حملے کی مذمت کی ہے، جس کا مقصد خطے کو غیر مستحکم کرنا اور توانائی کی فراہمی میں خلل ڈالنا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ ​​بندی ختم کرنے کے بعد سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025