اسرائیلی فضائیہ کے ایرانی فوجیوں، بیلسٹک میزائل سائٹ، جوہری ری ایکٹر اور اہم تنصیبات پر حملے
اسرائیلی فوج نے مغربی ایران میں فوجیوں، بیلسٹک میزائل انفرااسٹرکچر، وسطی شہر اراک میں واقع خنداب جوہری ری ایکٹر اور تہران میں واقع نطنز جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنایا ہے، ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشگی انتظامات کے باعث نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی علاقے کے رہائشیوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اس تنصیب کے قریب 2 میزائل آ کر گرے، تاہم کسی قسم کی تابکاری کے خطرے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رات کے وقت کیے گئے حملوں کے دوران ایران کے شہر اراک میں ایک غیر فعال جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنایا، جب کہ نطنز میں واقع جوہری تنصیب کو بھی دوبارہ ہدف بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ’اراک میں واقع جوہری ری ایکٹر پر حملے میں ری ایکٹر کے کور سیل کی ساخت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جو پلوٹونیم کی تیاری کا ایک کلیدی جزو ہے‘۔
اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس نے نطنز کے علاقے میں ایک اور مقام کو نشانہ بنایا، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں ایسے اجزا اور خصوصی آلات موجود تھے جو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
ایران نے ہمیشہ اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، اور اس کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔
ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے اسرائیل پر بین الاقوامی قانون کی تازہ خلاف ورزی کے تحت اس کی جوہری تنصیبات پر حملے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان علاقوں کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا، پیشگی انتظامات کے باعث نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی علاقے کے رہائشیوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق ہے۔
ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی دھمکیوں اور حملوں کی متعدد بار عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو اطلاع دی گئی، لیکن اقوامِ متحدہ کے اس جوہری نگران ادارے نے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔
بیلسٹک میزائل انفرااسٹرکچر پر بھی حملے
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے جمعرات کی سہہ پہر کو مغربی ایران میں ایک بڑے حملے کی کارروائی کی، جس کا ہدف ایرانی بیلسٹک میزائل انفرااسٹرکچر اور ایرانی فوجی تھے۔
اسرائیل فوج نے مزید کہا کہ تقریباً 20 اسرائیلی جنگی طیاروں نے اس حملے میں حصہ لیا، اسرائیلی فضائیہ کے ایک ڈرون نے ان ٹرکوں کو نشانہ بنایا جو بیلسٹک میزائل لے کر ایک لانچ سائٹ پر پہنچے تھے۔
ایران کے اوراک واٹر ہیوی ری ایکٹر پر حملے کی ویڈیو
اسرائیلی افواج (آئی ڈی ایف) نے جمعرات کی صبح ایران کے اوراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر کیے گئے حملے کی ویڈیو جاری کی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ ری ایکٹر جزوی طور پر تعمیر شدہ تھا اور ایران نے آئی اے ای اے کو مطلع کیا تھا کہ وہ اس سہولت کو اگلے سال آپریشنل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دو تہائی میزائل لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ
ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے ’رائٹرز‘ کو بتایا ہے کہ فوج کا اندازہ ہے کہ اس نے ایران کے بیلسٹک میزائل لانچرز میں سے دو تہائی کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کے عہدیدار کے مطابق، ایران کے پاس اب بھی 100 سے زائد میزائل لانچرز موجود ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ لانچرز ایک اہم ہدف ہیں، کیوں کہ یہی لانچرز ایران کی جانب سے اسرائیل پر ہزاروں میزائل داغنے کی صلاحیت سمجھے جاتے ہیں۔
ایران کا 18 موساد ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ
رائٹرز نے ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ایران نے شمال مشرقی شہر مشہد میں 18 دشمن ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے جو اسرائیلی حملوں کے لیے ڈرون تیار کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے آج جمعرات کو چھٹے روز میں داخل ہوگئے ہیں، تہران کی جانب سے مسلسل صہیونی دشمن کے خلاف جوابی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، بیلسٹک میزائلوں سے جوابی کارروائی کے دوران اسرائیل کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
تین ایرانی فوجی افسران کی شہادت
تہران ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آج ہونےو الے اسرائیلی حملوں میں 184 اور 284 آرمی بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے تین فوجی افسران شہید ہوگئے ۔











لائیو ٹی وی