شانگلہ: دہشتگردوں کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی

شائع June 19, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل اور ان کے انکل زخمی ہو گئے۔

پورن سرکل کے سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) عثمان منیر خان نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ پولیس اہلکار کی والدہ کا انتقال ہو گیا تھا اور واقعے کے وقت وہ اپنے گھر پر تعزیت کے لیے آئے مہمانوں سے ملاقات کر رہے تھے۔

ایس ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کو دائیں ران میں دو گولیاں، جبکہ پیٹ کے نچلے حصے، بازو اور کندھے میں ایک ایک گولی لگی، جبکہ ان کے انکل کے سینے میں گولی لگی، دونوں کو علاج کے لیے مارتونگ رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

ایس ڈی پی او نے مزید بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار ضلع سیکیورٹی برانچ کی مقامی انٹیلی جنس سروس میں خدمات انجام دے رہا تھا، نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جس علاقے میں واقعہ پیش آیا، وہاں پر ماضی میں بھی شدت پسند سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقے چیشنہ گنڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں مبینہ طور پر ذاتی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے تھے۔

فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مقتولین و زخمی افراد ایک جنازے کی ادائیگی کے بعد واپس آرہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025