اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر ٹی وی اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
باصلاحیت اور باکمال اداکارہ کا انتقال 76 برس کی عمر میں ہوا، پولیس نے گزشتہ رات اُن کی لاش ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں برآمد کی۔
اداکارہ کی لاش کو پہلے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں ضروری کارروائی کے بعد اُسے سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔
تاحال اُن کی موت کی وجہ سامنے نہیں آئی، کیونکہ پولیس اداکارہ کے بیٹے کے آنے کا انتظار کر رہی ہے، اسی باعث اب تک ان کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جاسکا۔
اداکار عدنان صدیقی نے اُن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے سفر کے آغاز میں ہماری ملاقات کبھی کبھار ایسے لوگوں سے ہوتی ہے جو خاموشی سے ہماری زندگی میں گہرا اثر چھوڑ جاتے ہیں اور اُن کے لیے عائشہ خان ایسی ہی ایک شخصیت تھیں۔
عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ عائشہ خان ان کی آن اسکرین ماں تھیں۔
اداکار خالد انعم نے عائشہ خان کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ لیجنڈری پاکستانی اداکارہ عائشہ خان اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں۔
خالد انعم نے مزید لکھا کہ ان کی عمر 76 سال تھی، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ، مداحوں اور چاہنے والوں کو صبر عطا فرمائے۔
اداکار احسن خان نے اُن کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب فرمائے۔
اداکارہ شگفتہ اعجاز نے عائشہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اداکارہ کی رہنمائی اور اپنے پہلے ڈرامے ’آنچ‘ میں اُن کی حمایت کو وہ کبھی نہیں بھولیں گی۔
شگفتہ اعجاز نے مرحومہ کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی۔
اداکارہ جویریہ سعود نے اُن کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب فرمائے۔
اداکار یاسر حسین نے بھی عائشہ خان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کی وفات کو کئی دن گزر چکے تھے، مگر سب سوتے رہے، ہم سب ایک جیسے ہیں، سب کچھ بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی روز ایک دوسرے سے ملاقات ہوتی ہے، دوستی بھی کرتے ہیں، مگر وہ صرف کام کی حد تک محدود رہتی ہے۔