’ صرف آئیڈیاز پیش کررہا تھا’ پیوٹن نے ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی پیشکش سے انکار کردیا

شائع June 20, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالث بننے کی کوشش نہیں کر رہے، بلکہ وہ صرف یہ مشورے دے رہے ہیں کہ دونوں ممالک کشیدگی کو کیسے حل کر سکتے ہیں۔

امریکی جریدے بیرنز کی رپورٹ کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک اقتصادی فورم میں خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ہم کسی بھی صورت میں ثالث کے طور پر کام کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، ہم صرف آئیڈیاز پیش کر رہے ہیں، اگر وہ دونوں فریقوں کے لیے پرکشش ثابت ہوئے، تو ہمیں خوشی ہوگی۔

خیال رہے کہ کریملن نے گزشتہ ہفتے کے بیشتر حصے میں ماسکو کو ایک ممکنہ امن ساز کے طور پر پیش کیا تھا۔

تاہم، مغربی رہنماؤں نے پیوٹن کے کردار پر اعتراض کیا اور اس ہفتے کے شروع میں ماسکو نے کہا تھا کہ اسرائیل نے اس کی پیشکشوں میں بہت کم دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ماسکو نے اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے، لیکن روس نے اپنے اتحادی ایران کو فوجی مدد کی پیشکش بھی نہیں کی اور چند ماہ قبل طے پانے والے ایک وسیع تزویراتی شراکت داری کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو کم کر کے پیش کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے جمعرات کو امریکا کو جنگ میں ’ فوجی مداخلت’ کے خلاف خبردار کیا تھا، جب کہ امریکا ایران کے خلاف اسرائیل کے حملوں میں شامل ہونے پر غور کر رہا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ختم کرنے کی بظاہر دھمکیوں پر بار بار تبصرہ کرنے کے اصرار پر ولادیمیر پیوٹن نے جمعے کو کہا کہ’ میں واقعی امید کرتا ہوں کہ جن چیزوں کا آپ ذکر کر رہے ہیں وہ بیان بازی کی سطح پر ہی رہیں گی۔’

لیکن کریملن نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ اسے ’ کم از کم اسرائیل کی طرف سے کسی بھی ثالثی خدمات کا سہارا لینے یا تصفیے کے لیے پرامن راستہ اختیار کرنے میں ہچکچاہٹ’ نظر آتی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، ولادیمیر پیوٹن کے لیے ثالثی کے کردار کے خیال کو عوامی طور پر مسترد کرچکے ہین۔

ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’ انہوں ( پیوٹن) نے دراصل ثالثی میں مدد کی پیشکش کی تھی، میں نے کہا تھا کہ ’ایک کام کرو، اپنی ثالثی خود کرو، پہلے روس کی ثالثی کرتے ہیں، ٹھیک ہے؟‘ وہ روس کے یوکرین کے ساتھ تنازع کا حوالہ دے رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جولائی 2025
کارٹون : 13 جولائی 2025