امریکا نے اسرائیل سے اپنے شہریوں کا انخلا شروع کردیا
امریکی محکمہ خارجہ نے اسرائیل سے اپنے شہریوں کے انخلا کی پروازیں شروع کر دیں۔
امریکی نیوز چینل ’سی این این‘ کے مطابق اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی نے ہفتہ کے روز اعلان کیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے اسرائیل سے امریکی شہریوں کے انخلا کے لیے پروازیں شروع کر دی ہیں۔
، کیونکہ اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازعے کا دوسرا ہفتہ شروع ہو چکا ہے۔
مائیک ہکابی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’محکمہ خارجہ نے اسرائیل سے انخلا کی پروازیں شروع کر دی ہیں‘۔ انہوں نے وہاں موجود امریکیوں سے درخواست کی کہ وہ انخلا کے لیے ایک فارم پُر کریں۔
امریکی سفیر نے سیکیورٹی سے متعلق چند احتیاطی ہدایات بھی شیئر کیں، جن میں یہ مشورہ شامل تھا کہ ہر شخص کو قریبی بم شیلٹر یا مضبوط پناہ گاہ کی جگہ کے بارے میں علم ہونا چاہیے۔
محکمہ خارجہ کئی دنوں سے اسرائیل میں پھنسے ہوئے امریکیوں کے انخلا کی تیاری کر رہا تھا، کیونکہ اسرائیل اور ایران کے درمیان فضائی حملوں کا تبادلہ جاری ہے۔
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ممکنہ امریکی مداخلت پر غور کر رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے 2 ہفتے کا وقت دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی شہری اس وقت خود کو اسرائیل میں محفوظ نہیں سمجھ رہے، اس لیے وہ جلد سے جلد وہاں سے نکلنا چاہتے ہیں۔