اسرائیل نے ایران کے مزید 3 ایف-14 طیارے تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی

شائع June 22, 2025
— فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل
— فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل

اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایران کے مزید 3 ایف-14 جنگی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

امریکی نیوز چینل ’سی این این‘ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتہ کے روز ایران کے مختلف علاقوں میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز کے مطابق بندر عباس کے علاقے میں ایرانی ڈرون اسٹوریج سہولیات اور ایک اسلحہ ڈپو پر فضائی حملے کیے گئے۔

اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے ’مرکزی علاقے‘ میں موجود ایرانی فوج کے 3 ایف-14 جنگی طیاروں کو بھی نشانہ بنایا، جنہیں ایک ایئربیس پر کھڑے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بلیک اینڈ وائٹ تھرمل ویڈیو میں ان طیاروں کو تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایران کے پاس امریکی ساختہ ایف-14 ٹام کیٹ طیارے موجود ہیں جو 1979 میں شاہ ایران کے دور میں حاصل کیے گئے تھے۔

امریکا نے یہ طیارے 2006 میں ریٹائر کر دیے تھے، اور اب ایران واحد ملک ہے جو اب بھی انہیں استعمال کرتا ہے۔

اسرائیل نے ہفتہ کے روز مغربی ایران میں فوجی ریڈار ڈیٹیکشن سسٹمز اور فضائی دفاعی بیٹریوں کو بھی نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفریم ڈیفرین نے شام کی ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ کارروائیاں ’ایرانی فضائی حدود میں فضائی برتری حاصل کرنے کی ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہیں‘۔

ایفریم ڈیفرین کا کہنا تھا کہ یہ فضائی برتری ہمیں میزائل کمانڈ سینٹرز، ڈرون انفراسٹرکچر، فوجی ذخیرہ گاہیں اور راکٹ و میزائل داغنے کے لیے استعمال ہونے والی سرنگوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت دیتی ہے۔

خیال رہے کہ 17 جون کو دی یروشلم پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ڈی ایف کے ایک ڈرون نے تہران کے ایئربیس پر موجود ایران کے 2 ایف-14 لڑاکا طیاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ پرواز کے لیے تیار تھے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جولائی 2025
کارٹون : 15 جولائی 2025