ایران نے حملے سے پہلے تینوں ایٹمی سائٹس خالی کرالی تھیں، ایرانی حکام

شائع June 22, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

ایران نے فردو جوہری تنصیبات پر بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے سے پہلے تینوں سائٹس خالی کرالی تھیں، نشانہ بنائے گئے سائٹس میں کوئی مواد موجود نہیں تھا جو خراج کا باعث بنتا۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق ایران کی جانب سے فردو جوہری تنصیب پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق صوبہ قم کے کرائسس مینجمنٹ کے ترجمان مرتضیٰ حیدری کا کہنا تھا کہ فردو جوہری سائٹ کے ایک حصے پر فضائی حملہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، ایران کے صوبہ اصفہان کے سیکیورٹی ڈپٹی گورنر اکبر صالحی نے کہا ہے کہ نطنز اور اصفہان میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور ہم نے اصفہان اور نطنز کے قریب جوہری تنصیبات کے آس پاس حملے دیکھے۔

ادھر، ایران کی سرکاری نشریاتی ادارے کے ڈپٹی پولیٹیکل ڈائریکٹر حسن عابدینی نے سرکاری ٹی وی پر لائیو رد عمل میں کہا کہ ہم نے کچھ عرصہ پہلے ہی ان تینوں جوہری تنصیبات کو خالی کرا لیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹرمپ کی بات سچ بھی ہو، تو بھی ایران کو کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا کیونکہ جوہری مواد پہلے ہی منتقل کیا جا چکا تھا۔

یہ بیان اس حملے کے بعد ایران کی جانب سے پہلا باضابطہ ردعمل سمجھا جا رہا ہے، جس میں نقصان کی تردید کی گئی ہے۔

’ایرانی تنصیبات پر امریکی حملے جنگ کی شروعات ہیں‘

یمنی حوثی گروپ کے سیاسی بیورو کے رکن محمد الفرح نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملے دراصل جنگ کے آغاز کی علامت ہیں، اختتام کی نہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ واضح ہے کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ دشمنی جلد ختم ہو جائے، لیکن کسی ایک یا دو جوہری تنصیبات کو تباہ کر دینا جنگ کا اختتام نہیں، بلکہ یہ تو شروعات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب مارو اور بھاگ جاؤ کا زمانہ گزر چکا ہے۔

یاد رہے کہ چند گھنٹے قبل حوثیوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملے جاری رکھے تو وہ بحر احمر میں امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025