جوہری تنصیبات پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، ایرانی ایٹمی توانائی ادارہ
ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم نے امریکا کی جانب سے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے فردو، نطنز اور اصفہان میں ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
تنظیم کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا کہ فردو، نطنز اور اصفہان میں ملک کی جوہری تنصیبات پر ’دشمنوں کی جانب سے حملہ‘ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جوہری تنصیبات پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ایران اپنی قومی صنعت کی ترقی کو رکنے نہیں دے گا۔
ایران کے ایٹمی توانائی ادارے نے قانونی کارروائی سمیت تمام ضروری اقدامات کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے تاکہ ایران کے حقوق کا دفاع کیا جا سکے۔
ایران نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’جنگل کے قانون پر مبنی اس قانون شکنی‘ کی مذمت کرے اور ایران کے جائز حقوق کے حصول میں اس کا ساتھ دے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کی 3 مرکزی جوہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے گئے ہیں، جنہیں صدر ٹرمپ نے ’کامیاب کارروائی‘ قرار دیا ہے۔