اسرائیلی حملے غیر قانونی ہیں، ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسحٰق ڈار
او آئی سی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے جائز حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے، خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کے تناظر میں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل نے ایران پر حملے اُس وقت کیے جب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران میں اپنی نگرانی اور تصدیقی سرگرمیاں انجام دے رہی تھی اور ان حملوں کے ذریعے اسرائیل نے بین الاقوامی قانون، آئی اے ای اے کے آئین اور متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔
اسحٰق ڈار نے خبردار کیا کہ یہ حملے ایک خطرناک نظیر قائم کرنے کا خدشہ رکھتے ہیں اور پورے خطے بلکہ دنیا بھر کی آبادیوں کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت ایک خطرناک کشیدگی کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کوئی انفرادی واقعہ نہیں، بلکہ مشرقِ وسطیٰ بھر میں اسرائیل کے مسلسل جارحانہ طرزِ عمل کا حصہ ہے۔
اپنے خطاب میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آج کا اجلاس نہ صرف ایران کے ساتھ ہماری غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گا بلکہ یہ واضح پیغام بھی دے گا کہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور اس کی لاپرواہ جارحیت کو پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔