اسرائیل کے ایران پر حملے جاری، بوشہر میں دھماکے، اصفہان میں بھی بمباری

شائع June 22, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

اسرائیلی فوج نے ایران پر کیے گئے تازہ حملوں میں بوشہر صوبے کو نشانہ بنایا ہے، جہاں ایران کا واحد نیوکلیئرپاورپلانٹ واقع ہے، اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح اصفہان میں جوہری تنصیبات، ایئرپورٹ سمیت مزید اہداف کو نشانہ بنانے اور 2 ایف 5 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ حملے میں ایران کے صوبہ خوزستان میں واقع دزفول ایئرپورٹ پر موجود 2 ایرانی F-5 جنگی طیاروں کو تباہ کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صبح کے حملوں میں ایران کے 8 میزائل لانچرز کو بھی تباہ کر دیا گیا، جن میں سے 6 اسرائیلی سرزمین پر فوری حملے کے لیے تیار حالت میں تھے۔

اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات اس کے 20 جنگی طیاروں نے وسطی ایران میں درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کے علاوہ اصفہان ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔

دریں اثنا، ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسرائیلی افواج نے ایران کے شہر تبریز پر بمباری کی ہے، جس میں پاسدارانِ انقلاب کے شہید مدنی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، حملے کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

الجزیرہ کی سانَد ایجنسی کی جانب سے تصدیق شدہ ویڈیو میں تبریز پر حملے کے بعد گھنے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

نیوکلیئر پاورپلانٹ کے حامل بوشہر صوبے میں دھماکے

ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ صوبہ بوشہر میں زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی، فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ صوبہ ایران کے واحد نیوکلیئر پاور پلانٹ کا میزبان ہے۔

شرق نیوز ایجنسی نے اس دھماکے کی اطلاع دی، جب کہ فارس ایجنسی نے کہا کہ اسرائیل نے شہر میں دو مقامات کو نشانہ بنایا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسیوں نے یزد صوبے میں بھی حملوں کی اطلاعات دی ہیں۔

اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے نے ایک روز قبل خبردار کیا تھا کہ بوشہر پاور پلانٹ پر حملہ ’انتہائی زیادہ تابکاری کے اخراج‘ کا باعث بن سکتا ہے۔

ایران میں حملے جاری رکھیں گے، اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے ایران میں دیگر اہداف بھی ہیں اور وہ فوجی کارروائی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرن نے ایک براہِ راست نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے دیگر مقاصد بھی ہیں اور ہم ان کے حصول تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کے اس بمباری حملے کے نتائج کا جائزہ لے رہی ہے، جو ایران کی زیرِ زمین جوہری تنصیب فوردو پر کیا گیا، ’ابھی یہ کہنا بہت جلدی ہوگا کہ آیا افزودہ یورینیم کے ذخائر تباہ ہو چکے ہیں یا نہیں۔

جب ترجمان ایفی ڈفرن سے پوچھا گیا کہ ایران نے فوردو سے افزودہ یورینیم ہٹا لیا تھا یا وہ ملبے تلے دب چکا ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم مسلسل صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں، اس بارے میں فیصلہ دینا ابھی قبل از وقت ہے، میرا خیال ہے کہ ہمیں بعد میں پتا چلے گا۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025