بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، اسحٰق ڈار

شائع June 22, 2025
فوٹو:  اسکرین شاٹ، ڈان نیوز
فوٹو: اسکرین شاٹ، ڈان نیوز

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کوکئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کاسامنا ہے، مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔

استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) میں مقبوضہ جموں و کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ شمیری عوام کو کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کاسامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور کشمیر اور فلسطین کے عوام بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اور پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر بغیر تحقیقات کیے پاکستان پر الزام لگایا، جبکہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی۔

انہوں نےکہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بجائے جارحیت کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچے شہید ہوئے۔

نائب وزیراعظم نےکہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کیا اور بھارت کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نےکہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ناگزیر ہے، بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جولائی 2025
کارٹون : 15 جولائی 2025