حملوں کا جواب دینا ایران کی سب سے بڑی غلطی ہوگی، امریکی وزیر خارجہ
امریکی وزیر خارجہ نے ایٹمی تنصیبات پر حملوں کے خلاف جوابی کارروائی پر ایران کو دھمکی دے دی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا جواب دینا ’ اس کی سب سے بڑی غلطی’ ہوگی۔
مارکو روبیو، جو قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ’ ( ایرانی) حکومت کی تبدیلی یقینی طور پر ہمارا مقصد نہیں ہے۔’
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا بمباری کے چند گھنٹے بعد بھی تہران سے ’ بات چیت کے لیے تیار’ ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ شب امریکا نے، ایران اسرائیل جنگ میں شامل ہوتے ہوئے ایران کی جوہری تنصیبات پر بمباری کی تھی۔
حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ امریکا نے ایران میں فردو، نطنز اور اصفہان جوہری تنصیبات پر ’انتہائی کامیاب حملہ‘ مکمل کر لیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام امریکی طیارے اب ایران کی فضائی حدود سے باہر نکل چکے ہیں۔
امریکی صدر نے لکھا کہ فردو نیوکلیئر سائٹ ہمارا مرکزی ہدف تھا اور اس پر مکمل بمباری کی گئی ہے اور یہ پلانٹ ختم کردیا ہے۔
دریں اثنا امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ نے آج میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کا مقصد ایران میں رجیم چینج نہیں تھا، فردو تنصیبات بنیادی ہدف تھیں اور مطلوبہ نتائج حاصل کرلیے ہیں۔
امریکی وزیردفاع نےخبردار کیا کہ اگر ایران نے جواب دیا تو گزشتہ رات سے زیادہ سخت جواب دیاجائےگا۔